فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان نے تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بیانات کو مشعل راہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تحریک کی کامیابی یقینی ہے اور فلسطینی عوام ایران کی بے لوث حمایت پرشکر گزار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں فلسطین کی اسلامی تنظیم حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے بیانات کو مشعل راہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تحریک کی کامیابی یقینی ہے اور فلسطینی عوام ایران کی بے لوث حمایت پرشکر گزار ہیں۔سامی ابوزہری نے تہران کانفرنس کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مسئلہ فلسطین کو اس کا اصلی مقام دلوانے میں اہم ثابت ہوگي۔ سامی ابو زہری نے کہا کہ تہران کانفرنس نے مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں دشمنوں کی تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہفلسطینی تنظیموں نے صرف اسرائيل کو نشانہ بنایا ہے اور فلسطینی تنظیموں کا کسی دوسرے ملک سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ اس نے کہا کہ مسئلہ فلسطین امت اسلامی کا مسئلہ ہے اور امت مسلمہ میں باہمی اتحاد کے ساتھ اس مسئلہ کو حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔