مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس کے ضمن میں شام کی پارلیمنٹ کی اسپیکر محترمہ ہدیہ عباس خلف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات اور گفتگو کی اس ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اہم مسئلہ قراردیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نہائی کامیابی تک فلسطینی اور شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
صدر حسن روحانی نے شام ميں دہشت گردوں کی شکست اور پسپائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام مسئلہ فلسطین کی حمایت کا تاوان ادا کررہا ہے کیونکہ شام ہی وہ واحد عرب ملک ہے جس نے غزہ اور لبنان کی جنگوں میں اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کرکے اسرائيل کو تاریخی شکست سے دوچار کیا لہذا امریکہ اور اس کے حامی عربوں نے ملکر شام کی طاقت کو دہشت گردوں کے ذریعہ مضمحل کرنے کی ناپاک کوشش کی لیکن انھیں اس میں بھی شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔ ایرانی صدر نے فلسطین کی حمایت پر شامی حکومت اور عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین دنیائے اسلام کا اہم مسئلہ ہے اور فلسطینیوں کی حمایت ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے ایرانی صدر نے کہا کہ شام سے دہشت گردی کے خاتمہ تک ایران شامی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھےگا۔۔
اس ملاقات میں شامی پارلیمنٹ کی اسپیکر نے فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس کو اہم اور کامیاب قراردیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بارے میں ایران کی تلاش و کوشش قابل قدر اور لائق صد تحسین ہے اور ایران فلسطینیوں کا سچا دوست ہے جبکہ امریکہ نواز عرب حکمراں فلسطینیوں کے ساتھ مکر و فریب کررہے ہیں اور مکار عرب حکمرانوں میں سعودی عرب سر فہرست ہے۔