مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ اور سلامتی پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کی دھمکیوں کا بھر پور جواب دےگا ، جبکہ سعودی عرب سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔
بروجردی نے المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ ایران کے خلاف معاندانہ پالیسی جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ ایران اور اس کے اتحادیوں پر چوٹ پہنچانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے لیکن اسے اس سلسلے میں شکست اور ناکامی کا سامنا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ آج کا ایران ، شاہ کے دور کا ایران نہیں ہے اور ایران امریکہ کی ہر دھمکی کا جواب دےگا ۔ انھوں نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں ہے اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن اگر ایران کے خلاف کوئی معمولی سا بھی اقدام کیا گيا تو ایران اس کا بھو پور جواب دےگا۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کا کوئی احتمال نہیں ہے کیونکہ امریکہ کو ایران کی فوجی توانائی کا بخوبی علم ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کو امریکہ کے بجائے عالم اسلام کے مفادات کے بارے میں فکر کرنی چاہیے اور ایران سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادہ ہے۔