اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے میزائلوں کے تجربات کو ایران کا مسلّم حق قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے دفاع کے سلسلے میں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خآرجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے میزائلوں کے تجربات کو ایران کا مسلّم حق قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے دفاع کے سلسلے میں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ترجمان نے مغربی ذرائ‏ ابلاغ کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا میزائل سسٹم صرف دفاعی نوعیت کا ہے اور ایران کے میزائل تجربات بین الاقوامی  قوانین کے مطابق اور ملکی و قومی مفادات کے مطابق ہیں۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران کے میزائل ایٹمی ہتھیاروں سے عاری ہیں اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کے لئے نہیں بنائے گئے ہیں اور نہ ہی ایران ایٹمی ہتھیاروں کے حق میں ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور بعض مغربی ممالک کو اپنے ایٹمی ہتھیاروں پر تشویش  کے بجائے ایران کے معمولی میزائلوں پر تشویش ہے اور یہ ان کی دوگانہ، متضاد اور گمراہ کن پالیسیوں کا حصہ ہے لیکن ایران کو اپنے ملکی اور قومی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور ملکی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن رہےگا۔