مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ایران کی دفاعی طاقت و توانائی کے اضافہ پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی ایمان اور انقلابی جذبہ ہماری مسلح افواج کی اصلی طاقت کا مظہر ہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں اپنی دفاعی طاقت میں بھی روزبروز اضافہ کرنا چاہیے۔
جنرل باقری نے آٹھ سالہ دفاع مقدس میں ایرانی فوج کی شجاعت اور ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی بری فوج کو اپنی طاقت اور توانائی میں روز بروز اضافہ کرنا چاہیے اور ہمیں ملک کی سرحدوں کے دفاع کے سلسلے میں ہمہ وقت آمادہ اور تیار رہنا چاہیے۔
جنرل باقری نے کہا کہ جذبہ ایمانی اور انقلابی ہی ہماری طاقت کا اصل مظہر ہے لیکن ہمیں اپنی ایمانی اور انقلابی طاقت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پیشرفت اور ترقی حاصل کرنی چاہیے اور ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلج افواج نے آٹھ سالہ دفاع مقدس میں بہترین تجربات حاصل کئے ہیں ۔ ہم نے اقتصادی اور فوجی پابندیوں کے باوجود آٹھ سالہ جنگ میں نا صرف صدام معدوم بلکہ صدام معدوم کی پشتپناہی کرنے والی عالمی سامراجی طاقتوں اور ان کی حامی علاقائی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کیا۔ ہمیں اللہ تعالی کی ذات پر اعتماد اور توکل رکھنا چاہیے کیونکہ وہی ہمارا حامی اور مددگار ہے اور ہمیں انقلاب اسلامی کے اہداف کی سمت گامزن رہنا چاہیے۔