امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف واشنگٹن سمیت دنیا بھر میں 670 شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف واشنگٹن سمیت دنیا بھر میں 670 شہروں میں احتجاجی مظاہروں  کا سلسلہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق پیرس، برسلز، برلن اور سڈنی سمیت دنیا میں 670 سے زیادہ مقامات پر ہونے والے مظاہروں میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
 واشنگٹن ڈی سی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے خلاف ایک بڑا مارچ کیا گیا۔ اس دوران ہونے والے مظاہرے میں بیشتر فلمی اداکاروں اور انسانی حقوق کی علمبردار خواتین نے بھی شرکت کی۔ انتظامیہ کے مطابق امریکہ بھرمیں ہونے والے احتجاجی مظاہروں تقریبا ً20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ واشنگٹن کے علاوہ ڈلاس، ڈینور، شکاگو، انڈیاناپولس، نیویارک، پورٹ لینڈ اور آک لینڈ سمیت مختلف شہروں میں ٹرمپ مخالف مظاہرے جاری ہیں۔
ادھر لندن میں بھی ہزاروں خواتین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور جنسی تشدد اور ڈونلڈ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا ۔