ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک گاؤں میں ہندوستانی فوج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی فائرنگ کے دوران 3 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہرخبررساں ایجنسی  کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک گاؤں میں ہندوستانی فوج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی فائرنگ  کے دوران 3 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی  فوج کے ترجمان راجیش کالیا کے مطابق اننت ناگ کے قصبے پہلگام کے سیاحتی مقام کے نزدیک واقع گاؤں میں علیحدگی کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فوجیوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران علیحدگی پسندوں اور فوجیوں میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔فوجی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے علیحدگی پسندوں کی لاشوں اور ان کے پاس موجود اسلحے کو قبضے میں لے لیا گیا۔مقامی پولیس کے مطابق فوجیوں کی جانب سے استعمال کیے گئے مارٹر گولوں سے وہ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس میں علیحدگی پسندوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ واضح رہے کہ کشمیر میں گذشتہ برس 8 جولائی کو علیحدگی پسند تنظیم حزب المجاہدین کے مقامی کمانڈر برہان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور سیکیورٹی فورسز سے تصادم کے نتیجے میں 100 سے زائد کشمیری ہلاک اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔