اجراء کی تاریخ: 16 جنوری 2017 - 16:23

برازیل کی ایک پرہجوم جیل میں دو جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 30 قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  برازیل کی ایک پرہجوم جیل میں دو جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 30 قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں سے بعض افراد کے سر قلم کردیے گئے ہیں جبکہ بعض افراد کو زندہ جلاکر مارا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مشرقی برازیل کے شہر ناٹال کی الاکوز جیل کی بیرک میں قید  ایک جرائم پیشہ گروہ کے قیدیوں نے دوسرے گروہ کے قیدیوں کے بیرک پر حملہ کردیا۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سے قیدیوں کے سر تن سے جدا کیے گئے ہیں جبکہ متعدد کو زندہ جلایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 30 قیدی ہلاک ہوئے ہیں۔ جیل میں 650  قیدیوں کی گنجائش تھی لیکن اس میں  1150 قیدی رکھے گئے تھے ۔واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے ہی برازیل کی مختلف جیلوں میں فسادات کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ یہ سلسلہ نئے سال کے موقع پر شروع ہوا تھا جب ماناؤس کی جیل میں تصادم کے نتیجے میں 56 قیدی ہلاک ہوگئے تھے ۔