شام کے صدر بشار اسد نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کو شام میں دہشت گردوں پر حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے العالم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کو شام میں دہشت گردوں پر حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ اس ملاقات میں شام کے صدر نے دہشت گردی کے خلاف ایران کی بے لوث حمایت کی قدردانی اور شکریہ ادا کیا۔ شامی صدر نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں میں ایران نے اہم کردارادا کیا ہے اور شامی حکومت اور شامی عوام ایران کی حمایت کے قدرداں ہیں۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی ایک اعلی وفد کے ہمراہ شام کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے صدر بشار اسد کے ساتھ  ملاقات اور گفتگو کی۔ اطلاعات کے مطابق بروجردی شام کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ، وزیر اعظم اور شام کے وزیر خارجہ سے دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔