اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے متعدد الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے متعدد الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ پرنشرکردہ رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے مبینہ طور پر 2 تاجروں سے رشوت وصول کی۔ قبل ازیں پولیس 2003 سے 2005 کے درمیان مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں نیتن یاہو کے خلاف تفتیش کر چکی ہے۔ اس وقت وہ وزیر خزانہ تھے۔ حالیہ دنوں اسرائیلی میڈیا پرایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ملکی اٹارنی جنرل نے دھاندلی کے 2 مقدمات میں وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے تاہم دفتر استغاثہ سے تاحال اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ایک اسرائیلی اخبار کے مطابق پولیس اس سلسلے میں 50 ملکی و غیرملکی شخصیات سے تفتیش کر چکی ہے۔