میکسیکو کے شہر ٹولٹپک میں آتش بازی کے مواد میں دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ میکسیکو کے شہر ٹولٹپک میں آتش بازی کے مواد میں دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جب کہ مدد کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے، حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکومت کی جانب سے شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پولیس کی جانب سے غیر متعلقہ افراد کو مارکیٹ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مارکیٹ کے قریب موجود متعدد مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں اور آتش بازی کی مارکیٹ میں دھماکوں کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔