جرمنی کے شہر برلن میں ایک شخص نے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی کے شہر برلن میں ایک شخص نے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ برلن میں کرسمس مارکیٹ میں ایک ڈرائیور نے خریداری کیلئے آئے ہوئے لوگوں کے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم ٹرک ڈرائیور ہجوم پر ٹرک چڑھانے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعہ پیش آنے کے فوری بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام اس واقعے کو ایکسیڈنٹ نہیں سمجھ رہے بلکہ دہشتگردی کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ برلن میں 80 سے زائد کرسمس مارکیٹیں قائم کی جاتی ہیں اور پورے جرمنی میں سب سے زیادہ لوگ یہاں خریداری کرنے آتے ہیں۔ ایک وقت میں کرسمس مارکیٹ میں 70 سے 80 ہزار لوگ موجود ہوتے ہیں۔