اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کے ایران مخالف اقدام کا جائزہ لینے کے لئے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سحر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کے ایران مخالف اقدام کا جائزہ لینے کے لئے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کی کوآرڈینیٹر کو خط ارسال کر کے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں امریکہ کے ذریعے توسیع کئے جانے کے اقدام کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن کا اجلاس طلب کریں۔ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کی کوآرڈینیٹر فیڈریکا موگرینی کے نام ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کرکے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کے تعلق سے امریکہ کی عہد شکنی کا حوالہ دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ ایٹمی معاہدے کے سبھی فریقوں کو ضروری معلومات فراہم کرکے مشترکہ جامع ایکشن پلان یا ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس طلب کریں۔