نو منتحب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مٹ رومنی کے بجائے معروف بزنس مین ریکس ٹیلرسن کو امریکا کا اگلا وزیر خارجہ نامزد کر دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نو منتحب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مٹ رومنی کے بجائے معروف بزنس مین ریکس ٹیلرسن  کو امریکا کا اگلا وزیر خارجہ نامزد کر دیا ہے۔ ٹیلرسن کے عالمی رہنماؤں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور وہ روسی صدر پوتن کے بھی قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ریکس ٹیلرسن تیل فروخت کرنے والی بین الاقوامی کمپنی ایکزون موبل کے سربراہ ہیں اور اس ادارے کا کاروبار 50 سے زائد ملکوں میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے 2013 میں روس پر اقتصادی پابندیوں کی مخالفت کی تھی جس کے بعد انہیں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خاص طور پر ’’آرڈر آف فرینڈشپ‘‘ کے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔ایکسون موبل کے سربراہ کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس کے ساتھ خصوصی تعلقات کی خواہش کا نتیجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق اور افغانستان میں امریکی فوج کی قیادت کرنے والے سابق جنرل جیمز میٹس کو پہلے ہی وزیر دفاع نامزد کرچکے ہیں۔