پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے اور ہندوستانی ایجنسی “را” افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کرواتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے اور ہندوستانی ایجنسی “را” افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کرواتی ہے۔ اسلام آباد میں پاکستانی ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ طالبان، القاعدہ، جماعت الاحرار اور حقانی گروپ افغانستان سے کام کررہے ہیں۔ افغانستان کومسائل کا ذمہ دار پاکستان ٹھہرانے کے بجائے بارڈر مینجمنٹ میکنزم پر توجہ دینی چاہیے جب کہ افغانستان انسداد دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر تعاون کرے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اورایران کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ایران نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے، افغان صدراشرف غنی کے بیان پرتبصرہ مناسب نہیں کیونکہ مشیرخارجہ سرتاج عزیزاس پرتبصرہ کرچکے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نےکہاکہ ہندوستان میں پاکستانی میڈیا سے ناروا سلوک کیا گیا، اس کا مقصد اجلاس کی اصل روح سے توجہ ہٹانا تھا، ہندوستان نے کانفرنس کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جس کامنفی تاثرابھرا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ امریکا نے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔