مہر خبررساں ایجنسی نے اخبار ڈیلی صباح کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی آئندہ چین، روس اور ایران کے ساتھ تجارتی سودے مقامی کرنسیوں میں کرے گا۔
گزشتہ روز قیصری شہر میں ایک منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوغان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی آئندہ چین، روس اور ایران کے ساتھ تجارتی سودے مقامی کرنسیوں میں کرے گا۔ اس مقصد کے لیے ہم اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں اور وزیراعظم بینالی یلدرم اپنے آئندہ دورہ روس کے دوران روسی حکومت کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم روس، چین اور ایران سے کوئی چیز خریدیں گے تو یہ سودا ان کی کرنسی میں ہو گا اور اگر وہ ہم سے کوئی چیز خریدیں گے تو یہ سودا ہماری کرنسی لیرا میں طے ہو گا۔معاشی میدان میں ہمارے خلاف جو گیمز کھیلی جا رہی ہیں ہم ان کے خلاف اپنی گیم کھیلیں گے۔“اس دوران رجب طیب اردگان نے ترک عوام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پاس موجود غیرملکیوں کرنسیوں کو لیرا اور سونے میں تبدیل کریں تاکہ لیرا کی گرتی قیمت کو بحال کرکے اسے استحکام دیا جا سکے۔ رجب طیب کے اس اعلان کے بعد ترک سٹاک ایکسچینج نے فوری طور پر اپنے تمام اثاثے امریکی ڈالر سے لیرا میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد معاشی عدم استحکام آنے پر لیرا کی قیمت میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔