پاکستانی علاقے وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافر کوچ پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں10 افراد ہلاک جب کہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی علاقے وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافر کوچ پر راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں10 افراد ہلاک جب کہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق اس کے علاوہ ہندوستانی فوج نے لالہ اور راوٹہ کے قریب بھی گولہ باری کی ہے۔ واقعے کے بعد وادی میں تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیئے گئے ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ہندوستانی فوج کی جانب سے بٹل، کریلہ، شاہ کوٹ ، باگسر، تتہ پانی سیکٹرزپربلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے، جس میں ہندوستانی فوج نے مارٹرگولوں سے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ پاکستانی فوج  نے بھی جوابی کارروائی میں ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں کئی اہم چوکیاں تباہ ہونے کے علاوہ ہندوستانی فوج کو شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔