ہندوستانی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ سے دو بچوں سمیت 4 پاکستانی شہری ہلاک جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررسان ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ سے دو بچوں سمیت 4 پاکستانی شہری ہلاک جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔  پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق جندورت، کریالہ اور باروہ سیکٹرز میں ہندوستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فورسز نے ہندوستان کی بلااشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا جس میں متعدد ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے جن میں اب تک 6 کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے، رواں سال 18 ستمبر کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اڑی سیکٹر پر حملے سے 18 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے، بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، جب کہ پاکستان نے حملے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا۔