مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ انتخابات میں شکست کے بعد بہت مایوس ہو گئی تھی اور گھر سے باہر نکلنے کا دل ہی نہیں کرتا تھا۔ واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کے بعد بہت مایوس ہو کر رہ گئی تھی اور دل کرتا کہ ہر وقت ایک اچھی کتاب لے کر بستر پر لیٹی رہوں، ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کے ایک ہفتے تک گھر سے باہر نکلنے کو بھی دل نہیں کرتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جانتی ہوں کہ میری شکست سے بہت سے لوگوں کو بھی مایوسی ہوئی، اتنی زیادہ مایوسی کہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی لیکن صدارتی انتخابات نے امریکی عوام کو اپنے گریبانوں میں جھانکنے کا بہترین موقع دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کو شکست دے دی تھی، ہلیری کو مجموعی طور پر ٹرمپ سے 2 لاکھ ووٹ زیادہ پڑے تھے لیکن امریکی الیکٹورل کالج سسٹم کی گنتی میں ہلیری کو شکست کا سامنا کرنا پڑٓا۔