مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میڈیا پیشہ ور مظاہرین کو بھڑکا رہا ہے جو ان کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں اور یہ انتہائی غیر منصفانہ اقدام ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابی مہم کے دوران بھی کئی مشکلات کا شکار رہے کبھی متنازع ویڈیو کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہا تو کبھی اپنی مخالف ہیلری سے مباحثے ہارنے کے بعد مقبولیت میں کمی کی وجہ سے پریشانی کا شکار رہے تاہم تمام پریشانیوں کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ صدر کے منصب پر فائز ہونے میں کامیاب ہو ہوگئے لیکن پریشانیاں ٹرمپ کا پیچھا چھوڑنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں۔
امریکی صدارتی الیکشن کے نتائج کے بعد ٹرمپ کے خلاف خود امریکہ میں مظاہرے پھوٹ پڑے، امریکی ریاستوں اوریگا، نیویارک، ٹیکساس، ٹینیسی میں ہزاروں افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اپنے خلاف ہونے والےمظاہروں پر ٹرمپ بھی خاموش نہ رہ سکے اور سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں میڈیا کو ان مظاہروں کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ امریکی مظاہرین ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔