مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کرپشن کے خاتمے اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی کرنسی، کالے دھن، کرپشن اور دہشت گردی سے ملکی معیشت کو محفوظ کرنے کے لئے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر فوری طور پر پابندی لگادی گئی ہے اور آج سے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کی لین دین غیرقانونی ہوگی جب کہ آج اے ٹی ایم مشینیں بھی بند رہیں گی۔ انہوں نے عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت یقین دلاتی ہے کہ عوام کے پیسے عوام کے ہی ہیں اور جلد 500 اور 2 ہزار روپے کے نئے نوٹ جاری کئے جائیں گے۔ ہندوستانی وزیراعظم نے کالے دھن، جعلی کرنسی، کرپشن اور دہشت گردی کو قابو کرنے کے لئے کہا کہ حکومت نے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر پابندی لگا کر قومی مفاد میں فیصلہ کیا ہے جس کے لئے سب کو کچھ قربانی دینا پڑے گی جب کہ کرپشن اور کالے دھن کو زندگی کی حقیقیت تسلیم کرنا ہوگا۔ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے کے دوران اسپتالوں میں میڈٰیکل پیمنٹ، پیٹرول پمپس، ریلوے ریزرویشن اور ہوائی اڈوں پر مذکورہ نوٹوں کی لین دین کی جاسکتی ہے لیکن 11 نومبر کے بعد وہاں بھی ان نوٹوں کی لین دین غیرقانونی ہوگی۔
اجراء کی تاریخ: 9 نومبر 2016 - 15:54
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کرپشن کے خاتمے اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر پابندی عائد کردی ہے۔