امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ وہ صرف ری پبلکنز کے ہی صدر نہیں بلکہ ڈیموکریٹک اور تمام امریکیوں کے صدر ہیں وہ صدر منتخب کرنے پر امریکی عوام کے شکر گزار ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ صرف ری پبلکنز کے ہی نہیں بلکہ ڈیموکریٹک اور تمام امریکیوں کے صدر ہیں وہ صدر منتخب کرنے پر امریکی عوام کے شکر گزار ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ دنیا جان لے کہ امریکی مفاد ان کی پہلی ترجیح ہوگی تاہم جو قومیں ساتھ چلنا چاہیں گی انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کی عظیم روایات کو آگے بڑھائیں گے اور سب کو ساتھ لیکر چلیں گے،سکول، ہسپتال اور سڑکیں بنائیں گے جبکہ ان کے پاس بہترین معاشی پلان بھی موجود ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں امریکہ کا مفاد ان کی پہلی ترجیح ہوگا تاہم جو قومیں ساتھ چلنا چاہیں گی انہیں ساتھ لے کر چلیں گے، امریکی ترقی کے لئے معاشی پیداوار کو بھی دوگنا کیا جائے گا، کوئی بھی خواب بڑا نہیں ہوتا،سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عوام کی حمایت اور رائے سے آگے بڑھیں گے اور رنگ ونسل سے بالا تر ہوکر امریکی عوام کی خدمت کریں گے۔ نو منتخب امریکی صدر نے مشکل حالات میں ساتھ دینے پر اپنے اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا، زبردست مقابلہ کرنے پر ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہیلری نے سخت مقابلہ کیا لیکن وہ غلطی پر تھیں ۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی گذشتہ خرابیوں کی بھی ترمیم کریں گے۔