مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دھرنے کا اعلان واپس لیتے ہوئے کل یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا ہے۔ بنی گالہ میں کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ میں کرپشن کے خلاف 20 سال سے جدوجہد کررہا ہوں،اس جدو جہد میں جو ساتھ رہے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم نے ہرکوشش کی کہ پارلیمنٹ میں انصاف مل جائے لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، ہم چاہتے تھے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کرے، انہیں سپریم کورٹ کی کارروائی پر بہت خوشی ہے، پرسوں سے نواز شریف کی تلاشی شروع ہوگی۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ پانامہ لیکس میں جن دو غیر ملکی وزیر اعظم کے نام آئے ان میں سے ایک نے تلاشی دی اور دوسرے نے استعفیٰ دیا لیکن ملک کی تاریخ ہے کہ ہمیشہ کمزور کی تلاشی لی گئی، نواز شریف نے 7 ماہ قبل کہا کہ وہ احتساب کے لیے تیار ہیں لیکن احتساب سے بھاگنے کے لیے سب کو کرپٹ قرار دے رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام کارکن واپس گھروں کو جائیں،کل اسلام آباد واپس آنا ہے، کل ہم یوم تشکر منائیں گے اور اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ کریں گے جس میں 10 لاکھ لوگ شرکت کریں گے۔
اجراء کی تاریخ: 1 نومبر 2016 - 14:00
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دھرنے کا اعلان واپس لیتے ہوئے کل یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا ہے۔