ہندوستانی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال کی جیل سے کالعدم تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا سے تعلق رکھنے والے 8 ملزم فرار ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال کی جیل سے کالعدم تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا سے تعلق رکھنے والے 8 ملزم فرار ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی ذرائع  کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھوپال جیل میں قید کالعدم قرار دی گئی تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا  " سیمی " کے 8 ملزمان نے پولیس گارڈ پر حملہ کرکے اسے قتل کردیا ، جس کے بعد وہ چادروں کی رسی بنا کر دیوار پھلانگ کر نکل گئے۔ فرار ہونے والوں کی شناخت مجیب شیخ، ماجد، عقیل، خالد، ذاکر، محبوب شیخ، امجد اور ایم ڈی شالک کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ فرار ہونے والے تمام افراد دہشتگردی اور بینک ڈکیتی میں ملوث ہیں۔ہندوستانی حکام کے مطابق سیمی سے وابستہ 7 افراد 2013 میں جیل سے فرار ہوچکے ہیں تاہم انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا ، اس وقت فرار ہونے والوں میں ذاکر، امجد اور محبوب شیخ بھی شامل تھے جو اب دوبارہ فرار ہوگئے ہیں۔