یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک بدرالدین نے یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب کے بھیانک اور ہولناک جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے سنگین اور بھیانک جرائم امریکہ کے سبز چراغ اورسرپرستی میں انجام پارہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک بدرالدین نے یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب کے بھیانک اور ہولناک جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب  کے سنگین اور بھیانک  جرائم امریکہ کے سبز چراغ اورسرپرستی میں انجام پارہے ہیں۔ انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک بدرالدین نے کہا کہ  سعودی عرب کے ہولناک جرائم کا یہ پہلا واقعہ  نہیں ہے بلکہ سعودی عرب کے جنگی طیارے اس سے قبل بھی متعدد بھیانک جرائم کا ارتکاب کرچکے ہیں۔ انصار اللہ کے سربراہ  نے کہا کہ  سعودی عرب نے صنعا میں 700 سے زائد افراد کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور اسے یمنی عوام کے خلاف مجرمانہ اقدامات کا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔

عبدالمالک بدرالدین نے کہا کہ یمنی فورسز اور یمن کے غیور اور بہادر جوان سعودی عرب کو منہ توڑ جواب دیں گے ۔ اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ نے یمنی عوام پر زوردیا ہے کہ وہ ملکی ، قومی ،دینی دفاع اور  سعودی عرب کو تاریخی سبق سکھانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں ۔ عبدالمالک حوثی نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی جوان کے شہادت پسندانہ حملے کی تعریف کرتے ہوئے اسرائیل اور سعودی عرب کو شیطانی طاقتیں قراردیا ہے۔