اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام میں دہشت گردی کے خلاف ترکی کی مداخلت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون ضروری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی  نے شام میں دہشت گردی کے خلاف ترکی کی مداخلت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون ضروری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون لازمی ہے۔

ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران نے بارہا اس بات پر تاکید کی ہے شام یا کسی بھی ملک میں  دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے اس ملک کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی ، تعاون  اوراس کی اجازت  ضروری ہے اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں  شامی حکومت کی حاکمیت اور اس کی ارضی سالمیت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ ترکی نے شام ميں داعش دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شام کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے اور  20 ٹینک شام کی سرحد کے اندر بھیج دیئے ہیں ترکی اس سے قبل داعش دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا ہے لیکن  ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد اب صدر بشار اسد کی حکومت کا تختہ الٹے کے مؤقف سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔