مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ میانمار کے وسطی علاقے میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس میں بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق برمہ کے وسطی علاقے میں آنے والے زلزلے کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ’’چوک‘‘ سے 25 کلومیٹر دور، اس علاقے میں ہے جہاں قدیم شہر ’’باگان‘‘ ہوا کرتا تھا۔ میانمار کی حکومت نے زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے سیکڑوں کلومیٹر دور تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور ہندوستانی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ تک محسوس کئے گئے ۔ کولکتہ میں آفٹر شاکس کے پیش نظر زیر زمین ریلوے سروس معطل کردی گئی جب کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں واقع صنعتی علاقے ’’ساوار‘‘ میں زیر تعمیر عمارت کا سامان گرنے سے 20 مزدور زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ میانمار سے قبل اٹلی میں بھی شدید نوعیت کا زلزلہ آیا تھا جس میں اب تک 73 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔