ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان کو جہنم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ " پاکستان جانا جہنم میں جانے کے برابر ہے"۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان کو جہنم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ " پاکستان جانا جہنم میں جانے کے برابر ہے"۔ اطلاعات کے مطابق ہریانہ کے علاقے ریواڑی میں پارٹی کے جلسے سے خطاب میں وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ 'انڈین فوجیوں نے پانچ دہشتگردوں کو واپس بھیجا، پاکستان جانا اور جہنم میں جانا ایک ہی بات ہے'۔

منوہر پاریکر کا اشارہ ان مسلح افراد کی جانب تھا جنہیں گزشتہ روز انڈین فوج نے مبینہ طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران ہلاک کیا تھا۔ ہندوستانی وزیر دفاع نے کہا کہ  'پاکستان دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی پالیسی کا خمیازہ آج خود ہی بھگت رہا ہے۔'