پاکستان تحریک انصاف نے پاکستانی اور اسرائیلی ایئر فورسز کی مشترکہ مشقوں کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں پر وزیر دفاع سے وضاحت طلب کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف  نے پاکستانی اور اسرائیلی ایئر فورسز کی مشترکہ مشقوں کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں پر وزیر دفاع سے وضاحت طلب کی ہے۔ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے کہا کہ 'پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے، اس لیے اسرائیلی فضائیہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں ناقابل قبول ہیں'۔ انھوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے مذکورہ خبروں کی تصدیق یا تردید کرنے کیلئے وضاحت دینے کا مطالبہ کیا۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ 'خواجہ آصف کو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شرکت اور اس معاملے پر وضاحت دینی چاہیے'۔پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر خبر من گھڑت ہے تو یہ پاکستانی فوج کو بدنام کرنے کی کوشش ہے تاہم اگر خبر سچ ہے تو یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔شیریں مزاری نے الزام لگایا کہ امریکی دباؤ پر پاکستان مذکورہ مشقوں کیلئے اپنے طیارے بھیج رہا ہے۔ واضح رہے کہ اخبارات میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ امریکہ میں پاکستان اور اسرائیلی ایئر فورسز کے طیارے مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔