عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے وزیر دفاع خالد العبیدی کی جانب سے غیر قانونی ہتھیاروں کی خرید کے معاہدوں میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے ملوث ہونے کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر پر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے وزیر دفاع خالد العبیدی کی جانب سے غیر قانونی ہتھیاروں کی خرید کے معاہدوں میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر پر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

عراقی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع خالد العبیدی نے جن افراد کے نام غیر قانونی ہتھیاروں کی خرید کے معاہدوں میں لئے ہیں ان پر تحقیقات کے اختتام تک ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران اسپیکر سلیم الجبوری، محمد الکریولی ، حنان الفتلاوی اور عالیہ نصیف پر  ہتھیاروں کی قراردادوں میں کرپشن کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ادھر سلیم الجبوری نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہوجائیں تو وہ عدالت میں پیش ہونے کے لئے تیار ہیں۔