مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ترکی میں حکومت کے خلاف فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ انقرہ حکومت کے خلاف انقلاب کی ناکام کوشش میں واشنگٹن کا کوئی کردار نہیں ہے۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ترک ہم منصب مولود چاویش اوغلو سے بات چیت کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ ترکی میں منتخب حکومت کے خلاف ہونے والی بغاوت پر انہیں افسوس ہے، مگر یہ بھی افسوس کی بات ہے کہ ترکی کی جانب سے بغاوت میں امریکہ کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ترکی میں فوجی بغاوت کو ناکام بنائے جانے کے بعد ترک حکام کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ فوجی بغاوت کی سازش کرنے والوں کو امریکہ میں مقیم جلا وطن مذہبی لیڈر فتح اللہ گولن کی جانب سے ہدایات مل رہی تھیں۔
اجراء کی تاریخ: 18 جولائی 2016 - 00:09
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ترکی میں حکومت کے خلاف فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔