ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں سے ایک جھڑپ کے دوران 8 ہندوستانی سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں سے ایک جھڑپ کے دوران 8 ہندوستانی سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی  نجی چینل " این ڈی ٹی وی " کے مطابق گھات لگائے علیحدگی پسندوں  نے پپور کے نزدیک سی آر پی ایف کے کانوائے پر اچانک حملہ کیا،حملہ اتنا شدید تھا کہ ہندوستانی سکیورٹی اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا ،جوابی فائرنگ میں دو علیحدگی پسند بھی ہلاک  ہو گئے، حملے کے بعد فوج بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے ضلع کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ، ہلاک ہونے والے علیحدگی پسندوں کے پاس سے 2 اے کے 47 رائفلیں، 11 میگزین، 6 دستی بم اور دیگر گولہ بارود برآمد ہوئے ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف کے قریبا 70 جوان فائرنگ پریکٹس کے بعد واپس آ رہے تھے، جب گھات لگائے علیحدگی پسندوں نے ان کے قافلے پر اچانک ہلہ بولتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، تمام زخمی جوانوں کو فوجی ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق علیحدگی پسند تنظیم لشکر طیبہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔