مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے رمضان المبارک کی مناسبت سے محفل انس با قرآن کریم میں شریک حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: قرآن پر عمل کے ذریعہ ہی عزت، طاقت ، فلاح و بہبود اور آرام و سکون نصیب ہوتا ہے اور قرآن کریم کو معانی کے ہمراہ پڑھنے سے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس نورانی محفل میں آٹھ اساتید، حفاظ اورقاریوں نے قرآن مجید کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور اس کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قرآن مجید کے معجز نما حروف اور کلمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: قرآن مجید کے یہ خوبصورت اور نورانی الفاظ اور کلمات اپنے اندر عظيم معانی اور مفاہیم لئے ہوئے ہیں اور اگر قرآن مجید کے بلند اور عظيم معانی کو آسان اور سادہ زبان میں بیان کیا جائے تو ان کے گہرے اور عظیم اثرات مرتب ہوں گے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انس با قرآن محفل کے آغاز میں گذشتہ برس منی کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے قاریوں کو خراج تسین پیش کیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قرآنی ثقافت کے فروغ پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اگر قرآن مجید کے معانی اور مفاہیم کو فروغ دیا جائے تو عالمی سطح پر اس کے گہرے اور معجزنما اثرات مرتب ہوں گے۔اور قرآن کریم کے نورانی اور الہی جلوؤں کے سامنے عالمی طاقتوں اور اسرائيل کے ہتھیار ماند پڑ جائيں گے۔
رہبر معظم نے فرمایا: قرآن مجید پر عمل ہی انسان کی اصلی طاقت ، ایمانی قوت ، روحی نشاط اوردلی آرام و سکون کا باعث بنتا ہے۔