پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ایک 18 سالہ لڑکی نےریپ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے نجی کلینک کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی ہے جبکہ اس کی خالہ زخمی ہوگئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ایک 18 سالہ لڑکی نےریپ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے نجی کلینک کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی ہے جبکہ اس کی خالہ زخمی ہوگئی ہے۔ خانیوال کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر جہانزیب نذیر خان کے مطابق خانیوال کے علاقے بلاک نمبر 5 میں نامعلوم نوجوانوں نے خالہ اور بھانجی کو اغوا کیا اور انھیں 2 منزلہ نجی کلینک میں لے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے خالہ اور بھانجی کے ریپ کی کوشش کی تاہم اس سے بچنے کے لیے پہلے لڑکی نے اور پھر اس کی خالہ نے بھی چھت سے چھلانگ لگا دی۔ چھلانگ لگانے کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ اس کی خالہ کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے مذکورہ کلینک کو بھی اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ حالیہ دنوں میں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں خواتین اور بچوں کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق 2015 میں 939 خواتین کو جنسی تشدد، 279 کو گھریلو تشدد جبکہ 143 خواتین کو تیزاب کے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔کمیشن کے مطابق 833 خواتین کو اغوا کیا گیا جبکہ 777 نے خودکشی یا اس کی کوشش کی۔