مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز عباس مجید مروت کے مطابق پشاور کے علاقے رِنگ روڈ پر ایف سی کی سنگل کیبن گاڑی کو پتنگ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔زخمی اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔