اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ جنرل احمد رضا پوردستان نے بیت المقدس فوجی مشقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں رہبر معظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے حکم کے منتظر ہیں انشاء اللہ وہ دن جلد پہنچ جائے جب ہمیں بیت المقدس کی آزادی کا حکم مل جائے۔ امریکہ اور اسرائیل ہمارے اصلی دشمن ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی  کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ جنرل احمد رضا پوردستان نے بیت المقدس فوجی مشقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں رہبر معظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے حکم کے منتظر ہیں انشاء اللہ وہ دن جلد پہنچ جائے جب ہمیں بیت المقدس کی آزادی  کا حکم مل جائے۔ امریکہ اور اسرائیل ہمارے اصلی دشمن ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آج صبح ایران کے علاقہ بیدگل اور آران میں بیت المقدس فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا ، جن میں ایرانی مسلح افواج کی مختلف یونٹیں حصہ لے رہی ہیں ایران نے ان فوجی مشقوں میں آٹھ میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

جنرل پوردستان نے کہا کہ ایرانی فوج کا سپاہ قدس کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے اور بری فوج نے شام میں مشاورت کے سلسلے میں اپنی اس رسالت کو اچھی طرح پورا کیا ہے۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے اسلامی جمہوری نظام پر ضرب وارد کرنے کا عزم بالجزم کررکھا ہے اور ہم نے بھی ان کا مقابلہ کرنے کی مکمل تیاری کررکھی ہے۔

جنرل پودستان نے کہا کہ امریکہ کی ایران پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہے اگر اس میں ہمت ہوتی تو وہ اپنے اس آپشن پر بہت پہلے عمل کرچکا ہوتا۔

جنرل پوردستان نے کہا کہ مسلح افواج رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ہر حکم پر عمل کرنے کے لئے بالکل آمادہ ہیں اور ہم بیت المقدس کی آزادی کے لئے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فرمان کے منتظر ہیں۔

جنرل پوردستان نے کہا کہ داعش اور دوسرے دہشت گرد گروہ ہمارے چھوٹے دشمن ہیں ہمارے اصلی دشمن امریکہ اور اسرائیل ہیں۔ اور آج ہم بڑے شیطان امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر لحاظ سے آمادہ ہیں۔