مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے پانچ سال بعد غیر یقینی زمینی حالات کے باوجود اس کارروائی کی اجازت دینے کا بھرپوردفاع کیا ہے۔
صدر اوبامہ نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بن لادن کو پکڑنے کا بہترین موقع تھا۔ اوبامہ نے کہا، اگر ہم یہ کارروائی نہ کرتے تو وہ ہمارے ہاتھوں سے نکل سکتا تھا اور اس کے دوبارہ منظر عام پر آنے میں کئی سال لگ سکتے تھے۔ اوبامہ نے آپریشن کے احکامات یہ جانتے بوجھتے دیئے تھے کہ ایبٹ آباد میں جس شخص کی شناخت اسامہ بن لادن کے طور پر ہوئی ہے، ممکن ہے وہ کوئی اور شخص ہو۔ اوبامہ کے مطابق ’ہم یہ بھی جانتے تھے کہ اپنی اس کارروائی سے ہم پاکستان کو ناراض کریں گے‘۔ اوبامہ نے کہا کہ بن لادن کو مرتے وقت یہ بات ضرور یاد آئی ہو گی کہ امریکی عوام اس کے ہاتھوں مرنے والے تین ہزار انسانوں کو بھولے نہیں تھے۔