مہر خبررساں ایجنسی نے سانا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے نائب وزیرخارجہ فیصل المقداد نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ فرانس اوربرطانیہ دہشت گردوں کی مددکررہے ہیں، شام فرانس جیسے کسی بھی ایسے ملک کے پاس ہر گز نہیں جائے گا جو دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہو۔
فیصل مقداد نے کہا کہ ہمیں روسی قیادت پر پورا اعتماد ہے،اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر روسی صدر پوتین اور ان کے بنیادی معاونین کا بھی ذکر کیا۔فیصل المقداد نے برطانیہ اور فرانس کو یورپ اور شام میں بہنے والے خون کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دونوں ممالک سے دہشت گردی کی سپورٹ روکنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یقیناًیورپی یونین کے بہت سے ممالک نے دہشت گرد جماعتوں کو سپورٹ کیاجبکہ برطانیہ اورفرانس نے النصرہ فرنٹ اور داعش کی حمایت اور شامی حکومت کے خلاف کئی بیانات دیئے اور دہشت گردوں کے ذریعہ شامی حکومت کو گرانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ یورپی ممالک نے دہشت گردوں کے دسیوں گروہ شامی حکومت کو گرانے کے لئے ترکی کے ذریعہ شام روانہ کئے لیکن اب ان میں سے کچھ دہشت گرد یورپ واپس پہنچ چکے ہیں۔