پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وزیر اعظم نواز شریف اور ان کےخاندان کے غیر اعلانیہ اثاثوں اور ان کی آف شور کمپنیوں کے خلاف رائیونڈ کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وزیر اعظم نواز شریف اور ان کےخاندان کے غیر اعلانیہ اثاثوں اور ان کی آف شور کمپنیوں کے خلاف رائیونڈ کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ  میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں اور کارکنوں سے بھی شامل ہونے کے لیے کہا جائے گا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب نہ ہوا تو اس بار ڈی چوک نہیں بلکہ رائیونڈ کی طرف لانگ مارچ کریں گے، تاہم انہوں نے مارچ کی تاریخ نہیں بتائی۔عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی آف شور کمپنیوں کی حقیقت سامنے آنے کے بعد نواز شریف اقتدار کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، انہیں پانامہ لیکس کے بعد آئس لینڈ کے وزیر اعظم کی طرح وزارت عظمٰی سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو کرپٹ عناصر اور قوم کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے والوں کے خلاف قوم کو متحرک کرنا چاہتے ہیں، تمام پاکستانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ شریف خاندان کی آف شور کمپنیوں اور دیگر مالیاتی اسکینڈلز کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کن لمحہ ہے، تاکہ حکومت معاملے کی آزاد، معتبر اور شفاف تحقیقات کرانے پر مجبور ہوجائے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو بچانے کے لیے پوری (ن) لیگ کھڑی ہو گئی، کیا (ن) لیگ کا کام نواز شریف کی کرپشن کو بچانا ہے، نواز شریف کو اپنے دفاع میں خود سامنے آنا چاہیے جبکہ میں نواز شریف کے بیٹے سے پوچھتا ہوں کہ اس کے پاس لندن کے ہیڈے پارک میں ساڑھے 6 ارب روپے کا فلیٹ کہاں سے آیا۔