شمالی کوریا نے نیوکلیئر اور بلیسٹک میزائل کے تجربات کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی محل پر حملے کی دھمکی دے دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے نیوکلیئر اور بلیسٹک میزائل کے تجربات کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی محل پر حملے کی دھمکی دے دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جان ان نے ملک کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کے دوران جنوبی کوریا کے صدر پارک گیون ہائے اور دیگر سرکاری دفاتر پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ نے اپنے فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ جنوبی کوریا پر کسی بھی وقت حملے کے لئے ہر وقت تیار رہیں تاکہ پیش قدمی کر کے قوم کو دوبارہ یکجا کرنے کے تاریخی مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان پہلے سے خراب حالات اس وقت مزید کشیدہ ہوئے جب شمالی کوریا نے رواں ماہ جنوری میں نیوکلیئر تجربہ کیا اور پھر اگلے ماہ میں دور تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ کیا۔ نیوکلیئر تجربات کے باعث اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر نئی معاشی پابندیاں بھی عائد کیں ہیں۔ جبکہ امریکہ بھی اس علاقہ میں عداوت اور دشمنی میں اضافہ کا باعث بنا ہوا ہے۔