مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری ہولی کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ہولی کےموقع پر ہندو برادری کے افراد ایک جگہ جمع ہوتے ہیں جہاں مرد، خواتین، بچے اور بزرگ سب ہی ایک دوسرے کے چہروں پر مختلف قسم کے رنگ پھینکتے ہیں۔ اس روز ہندو برادری کے افراد ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی پیش کرتے ہیں جب کہ گھروں پر تقاریب کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
ہولی کا تہوار موسم بہار کی آمد کی خوشی میں فروری یا مارچ کے آخر میں چودہویں کے چاند کے روز منایا جاتا ہے جب کہ ہندو روایات کے مطابق بھگوان کرشن کی جائے پیدائش کے موقع پر بھارت کے شمالی شہر ماتھرا میں ہولی 16 روز تک جاری رہتی ہے۔ میلے کا آغاز پوجا پاٹ کے ساتھ کیا جاتا ہے جس کے بعد زائرین بھگوان کرشن اور ان کی محبوبہ رادھا کی شان میں گیت گاتے ہیں۔ ہولی کو بھارت میں دیوالی کے بعد سب سے بڑا تہوار تصور کیا جاتا ہے۔