نیپال میں جاری سارک وزرائے خارجہ کانفرنس کے ضمن میں پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے جبکہ رسمی ملاقات آج شام 4 بجےمتوقع ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیپال میں جاری سارک وزرائے خارجہ کانفرنس کے ضمن میں پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے جبکہ رسمی ملاقات آج شام 4 بجےمتوقع ہے۔ نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں سارک کانفرنس کے دوران پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات ہوئی، ناشتے کی میز پر ہونے والی اس ملاقات میں سارک ممبر ممالک کے دیگر وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔ سرتاج عزیز اور سشما سوراج کے درمیان باضابطہ ملاقات آج شام 4 بجے متوقع ہے جس میں پاکستان کے مشیر خارجہ ، وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ نے بھی نیپال کے شہر پورکھا میں ملاقات کی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے واقعہ کے بعد سے التوا کا شکار ہیں۔