مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ویب سائٹ ڈی پی آر کے ٹوڈے کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکہ کو سنگین ترین دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس ہائیڈروجن بم ماضی میں سوویت یونین کے تیار کئے گئے ہائیڈروجن بم سے کہیں بڑا ہے جس سے نیویارک شہر کو تباہ کیا جاسکتا ہے۔ شمالی کوریا کے مطابق اگر یہ ہائیڈروجن بم بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پر نصب کر کے نیویارک شہر کے مرکز مین ہٹن پر گرایا جائے تو یہاں موجود تمام افراد لمحوں میں ہلاک ہوجائیں گے، جبکہ شہر جل کر راکھ کا ڈھیر بن جائے گا۔“
شمالی کوریائی نیوکلیئر سائنسدان چو ہیونگ ال کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ ماضی میں سوویت یونین کا بنایا گیا ہائیڈروجن بم 100 کلومیٹر کی دوری تک لوگوں کو جلا کر رکھ کرسکتا تھا، لیکن شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم اس سے کئی گنا زیادہ فاصلے تک تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شمالی کوریا کے تازہ ترین بیان کے متعلق کچھ امریکی دفاعی ماہرین نے ایک دفعہ پھر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، البتہ امریکی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی دھمکیوں کی بڑھتی ہوئی شدت ایک حقیقی خطرے کی علامت ہے۔
اجراء کی تاریخ: 15 مارچ 2016 - 00:04
شمالی کوریا نے امریکہ کو سنگین ترین دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس ہائیڈروجن بم ماضی میں سوویت یونین کے تیار کئے گئے ہائیڈروجن بم سے کہیں بڑا ہے جس سے نیویارک شہر کو تباہ کیا جاسکتا ہے۔