مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو جنگی فطرت والی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرہیلر کلنٹن امریکہ کی صدر بن گئیں تو وہ امریکہ کو ایک ناختم ہونے والی احمقانہ جنگ میں جھونک دے گی ۔ وکی لیکس پر شائع کئے گئے اپنے اداریے میں جولین اسانج نے کہا ہے کہ انہوں نے بحیثیت امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ہزاروں مراسلے پڑھے ہیں اور وہ کئی سالوں کے تجربے کی روشنی میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہیلری کلنٹن فیصلہ سازی کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ یہ ان ہی کے غلط فیصلے تھے جنہوں نے داعش جیسے دہشت گرد گروہ کو فروغ دیا۔ یہ ہیلری کلنٹن ہی ہیں جنہوں نے لیبیا کو بھی عراق بنادیا، ہیلری نے ہزاروں لوگوں کے سامنے لیبیا کی تباہی کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اگر وہ صدر بن گئیں تو وہ کئی ملکوں کو تباہ و برباد کردیں گی۔
جولین اسانج کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن جنگی فطرت کی حامل خاتون ہیں، دنیا میں دہشت گردی کے فروغ، ہزاروں بے گناہ شہریوں کے قتل اور مشرق وسطیٰ میں خواتین کو صدیوں پیچھے دھکیلنے کی ذمہ دار صرف اور صرف ہیلری کلنٹن ہیں۔ ہیلری کلنٹن کی حمایت میں پڑنے والا ہر ووٹ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دے گا۔ اگر وہ صدر منتخب ہوگئیں تو امریکہ کو ایسی ناختم ہونے والی احمقانہ جنگ میں جھونک دیں گی جس کا انجام بربادی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔