مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر اپنی افواج کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور جاپانی بحریہ کو حکم دیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیے جانے والے کسی بھی میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا ہائیڈروجن بم کے تجربے کے بعد اگلے چند دنوں میں بلیسٹک میزائل کے تجربے کی تیاریاں کررہا ہے۔ شمالی کوریا کے ممکنہ حملے کے پیش نظر جاپان نے اپنی افواج کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کسی بھی فضائی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے اور شمالی کوریا کی جانب سے جاپان کی سمت داغے جانے والے کسی بھی میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے مکمل اقدامات کرلیے جائیں ۔
ذرائع ابلاغ نے جاپانی سرکاری ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ جاپانی وزیر دفاع گین ناکاتانی نے اپنی افواج کو یہ حکم جاری کیا ہے جس کا مقصد جاپان کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے ۔ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے کے بعد بلیسٹک میزائل کے تجربےسے اس بات کا امکان ہے کہ شمالی کوریا یہ تباہ کن ہتھیارمیزائلوں پر لیس کرسکے گا جس کا نشانہ اس کے حریف ممالک جنوبی کوریا اور جاپان ہوسکتے ہیں-
جاپان کی جانب سے جدید ترین جنگی بحری جہازوں میں سام تھری میزائل مکمل دفاعی نظام کے ساتھ موجود ہیں جو جاپان کی فضائی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی میزائل کو خلاء میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔