مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ برفباری سے مشرقی علاقوں کے کروڑوں افراد بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نیشنل ویدر سروس نے اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحراوقیانوس کی ساحلی ریاستوں میں برفانی طوفان کے پیش نظر ریکارڈ برف پڑنے کا امکان ہے اور برفانی طوفان کی شدت علاقوں کو مفلوج کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ طوفان کے دوران بعض علاقوں میں چند گھنٹے کے دوران تقریبا 2 فٹ تک برف پڑ سکتی ہے اور اس کا سب سے زیادہ اثر ریاست واشنگٹن پر ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زبردست برفباری اور تیز ہوا کے ساتھ اڑنے والی برف سے خطرناک صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے جو زندگی اور املاک کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے اور عین ممکن ہے کہ طوفان کے دوران بجلی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے اور ٹرین اور فضائی سفر بھی کچھ وقت کے لیے روکنا پڑسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی الرٹ کے بعد واشنگٹن کے میئر نے شہر میں 15 روز کے لئے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد ریاست پینسلوینیا، نارتھ کیرولائنا، میری لینڈ اور ورجینیا کے گورنروں نے بھی اپنی اپنی ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے جب کہ ہنگامی صورتحال سے قبل مشرقی ساحلی ریاستوں میں لوگوں نے اشیا ضروریہ کی خریداری کے لئے دکانوں کا رخ کرلیا جہاں لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ دکانوں پر اشیائے خورد و نوش کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔