اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نام اپنے ایک خط میں ایٹمی معاہدے اور مشترکہ اقدام کے عزتمندانہ نفاذ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نفوذ پیدا کرنے کے سلسلے میں دشمن کی ہر کوشش کو ناکام بنادےگی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کے نام اپنے ایک خط میں ایٹمی معاہدے اور مشترکہ اقدام کے عزتمندانہ نفاذ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نفوذ پیدا کرنے کے سلسلے میں دشمن کی ہر کوشش کو ناکام بنادےگی۔ صدر حسن روحانی نے ایٹمی، سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں گیارہ ثمر بخش نتائج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے 12 سال تک دشمن کی منہ زوری کے سامنے استقامت اور پائداری کا مظاہرہ کرکے اپنے ایٹمی حقوق کو تحفظ عطا کیا اور یہ تمام کامیابیاں آپ کی مدبرانہ قیادت اور ہدایات کی روشنی میں حاصل ہوئی ہیں۔ صدر نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں اپنے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آمادہ ہے لیکن اس کے ساتھ  قوم کے حقوق کی پاسداری بھی جاری رہےگی۔ صدر نے کہا کہ ایرانی قوم رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت میں اپنی پیشرفت اور ترقی کا سلسلہ جاری رکھےگی اور دشمن کے نفوذ کے تمام راستے مسدود کردے گی۔ صدر نے کہا کہ ایران اپنی پرامن ایٹمی سرگرمیاں پوری قدرت اور قوت کے ساتھ جاری رکھےگا اور بین الاقوامی جوہری ادارے کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون  بھی جاری رکھےگا۔