مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے اعلان کیا ہے کہ ایران ایٹمی معاملے کے علاوہ دیگر موضوعات اور معاملات میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرےگا۔
ایرانی ترجمان نے ایٹمی معاہدے کے دوسرے دن نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے نفاذ پر ایرانی قوم کو مبارباد پیش کرتے ہیں کیونکہ ایرانی قوم صبر و استقامت کی بدولت اپنے ایٹمی حقوق کے حصول میں کامیاب ہوگئی ۔ انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے اور مشترکہ اقدام کے نفاذ کے بارے میں قریبی نگاہ رکھی جائے گی اور ایرانی قوم کے حقوق کو تحفظ بخشنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ جابری انصاری نے کہا کہ ایٹمی موضوع کے علاوہ دیگر موضوعات میں ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرےگا۔