مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہرکوئٹہ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ مرنےوالوں میں قبائلی رہنما بھی شامل ہے۔ اطلاعات کےمطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےدم توڑ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 4 افراد کو زخمی کردیا تھا جن میں سے 3 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن میں پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتاہے جس میں قبائلی رہنما بھی ہلاک ہوا جس کی شناخت عطااللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ سیٹلائٹ ٹاؤن واقعے میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ادھر کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر ہونے والے دوسرے واقعے میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔