مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ کا کہنا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش جنونی اور انسانیت کے قاتل ہیں انھیں تلاش کر کے ختم اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہو گا۔ براک اوبامہ کا اپنے آٹھویں اور آخری اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہنا تھا کہ القاعدہ اورداعش امریکی عوام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں، ہماری اولین ترجیح امریکی عوام کو تحفظ دینا اوردہشت گردوں کا خاتمہ ہے، امریکہ کی خارجہ پالیسی کا محور داعش کے خطرات کے گرد ہونا چاہیے جس کے لئے کانگریس کو داعش کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے امریکہ داعش کے خلاف 60 ممالک کے ساتھ اتحاد میں شامل ہے، اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر داعش کے ٹھکانوں پر 10 ہزار سے زائد حملے کئے، ان حملوں کا مقصد داعش کی قیادت اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہے، امریکہ داعش مخالف قوتوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کر رہا ہے، ہمارا اتحاد داعش کی مالی معاونت روکنے اور ان کے پیروکاروں کو تباہ کرنے کے لیے ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ بات جھوٹ ہے کہ داعش ایک مذہب کی نمائندہ جماعت ہیں، داعش کی جانب سے اپنا تعلق اسلام سے جوڑنا شدت پسند تنظیم کا پروپیگنڈہ ہے، دہشت گرد انٹرنیٹ کے ذریعے بھی لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھول رہے ہیں، ایسے دہشت گرد بہت زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 13 جنوری 2016 - 15:17
امریکی صدر باراک اوبامہ کا کہنا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش وحشی ،جنونی اور انسانیت کے قاتل ہیں انھیں تلاش کر کے ختم اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہو گا۔